ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / مڈکیری میں جانوروں کی سواری پر گولی چلانے کا معاملہ :مجھے گوبر کھلایا گیا تھا حملے کا شکار نوجوان کا الزام

مڈکیری میں جانوروں کی سواری پر گولی چلانے کا معاملہ :مجھے گوبر کھلایا گیا تھا حملے کا شکار نوجوان کا الزام

Wed, 14 Sep 2016 20:32:03    S.O. News Service

منگلورو:۱۴/ستمبر (ایس او نیوز)زراعت کے لئے جانور خرید کر پک اپ سواری میں لے جانےکے دوران قریب 20لوگوں کے گروہ میں سے کسی نے ہم پردو مرتبہ گولی چلائی ۔جس پر  ہم دونوں نے سواری سے باہر چھلانگ لگائی اور بھاگنا شروع کردیا، اُس گروہ نے ہمارا پیچھا کیا پھر پکڑ کر جی بھر کر مارااور پیٹا، جس نے گولی چلائی تھی وہ بھی سامنےآیا اوراُس نے بندوق سے میرے سینہ پر مارا، میں نے منت سماجت کی لیکن نہیں چھوڑا گیا ، اسی دوران گروہ کے چند لوگوں نے مجھے زبردستی گوبر کھلایا۔ یہ بات وراج پیٹ کے کونڈنگری کے رہنے والے بشیر (35) نے بتائی۔ جسے شدید زخمی حالت میں مڈکیری ضلعی اسپتال کے بعد مینگلوراسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

اخبارنویسوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے بشیر نے کہا کہ جن لوگوں نے اُن پر حملہ کیا، وہ یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ میں چور نہیں ہوں، وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ میں بیف نہیں کھاتا اور یہ جانور کھیتی باڑی کے لئے لے جارہا ہوں۔ مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے اُس نے بتایا کہ اُس نے  کگوڈلوکے گنپتی سے اتوار کی صبح کھیتی باڑی کے لئے جانوروں کو خریداتھا ، وہاں سے جانوروں کو سواری میں لے کر صرف آدھا کلو میٹر ہی روانہ ہواتھا کہ لال رنگ کی ماروتی 800 پک اپ سواری ہماری گاڑی کے سامنے کھڑی ہوگئی، لمحہ بھر میں وہاں اومنی اور کچھ بائکس کے ذریعے قریب 20سے زائد افراد کی بھیڑ جمع ہوگئی ، گروہ میں موجود مڈکیری کے مکین وٹھل نے بندوق سے ہماری پک اپ سواری کی طرف دو مرتبہ گولی چلائی ۔ ایک گولی سواری کے کانچوں کو چکنا چور کر تے ہوئے آگے بڑھ گئی ،جس سے ہم ڈر گئے۔ ڈرائیور عبدالسلام  گولی کی آواز سنتے ہی سواری سے اترکربھاگنے لگا تو میں دوسری طرف سے اُتر کر بھاگنے لگا۔ گروہ کے لوگ میرا پیچھا کرتے ہوئے مجھ تک پہنچ گئے اور پھر پیٹٓائی شروع کردی۔ وٹھل نے بندوق سے میری چھاتی پرزور سے  مارا ، واردات میں میرے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی ، سر اور چھاتی پر شدید زخم آئے ہیں۔

عبدالسلام اور پی اے بشیر دونوں کسان ہیں، عبدالسلام کا باغ ہے  جس میں کافی، کالی مرچ، الائچی وغیرہ کی فصل اُگائی  جاتی ہے ۔ بشیر کے مختلف باغات میں موز کی فصل ہوتی ہے جسے یہ لوگ فروخت کرتےہیں۔ واردات میں عبدالسلام ملزموں سے بچ کرنکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ شدید زخمی بشیر پولس کے تعاون سے مڈکیری اسپتال میں داخل کیا گیا پھر وہاں سے مزید علاج کے لئے منگلورو کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ واردات کے متعلق قریب 20لوگوں کے خلاف شکایت داخل کی گئی ہے،لیکن ابھی تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، مڈکیری دیہی پولس کے ذرائع نے بتایا کہ جانچ جاری ہے۔


Share: